بنگلورو28فروری(ایس او نیوز) وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرس اگر دیانتداری سے کام کریں تو عوام کو بہترین طبی خدمات فراہم ہوں گی۔یہاں شہر کے جئے دیوا اسپتال میں 300بستروں پرمشتمل نئی عمارت کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نجی اسپتال میں جئے دیوا اسپتال کی طرح خدمات انجام دینا ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل جئے دیوا اسپتال کے ڈائرکٹر نے ایک تجویز حکومت کو پیش کی ہے۔ اس تجویز پر حکومت ضرور غور کرے گی تاکہ اس اسپتال کے ذریعہ ریاست کا بھی اچھا نام ہو۔ انفوسس فاؤنڈیشن کی سربراہ سدھا مورتی نے اس اسپتال میں 300بستروں پر مشتمل نئی عمارت کی تعمیرمیں حصہ لیا ہے۔ اگلے ایک ہفتہ میں اس نئی عمارت کا نقشہ تیار کیاجائے گا۔
بنڈی پور جنگل میں آگ: بنڈی پور جنگل میں لگی آگ سے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس آگ پر قابو پانے محکمہ جنگلات کے افسروں نے بہترین کوشش کی ہے۔اس آگ حادثہ سے متعلق طرح طرح کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں عوام اس پر کان نہ دھریں ۔ اس وقت بنڈی پور کے جنگل کی آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس آگ سے زیادہ درختوں کونقصان نہیں پہنچا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آگ کوبجھانے کی کارروائی میں 750ملازمین نے حصہ لیا۔آئندہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے متعلق کہاکہ انتخابات میں حصہ لینے دیوے گوڈا پر ریاست کے مختلف مقامات سے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ صحیح وقت پر درست فیصلہ کیا جائے گا ۔ ریاستی مخلوط حکومت میں ساجھیدار کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی الجھن نہیں ہے ۔ اس سلسلہ میں اگلے تین دنوں میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔اس تقریب میں انفوسس کی سدھا مورتی ، رکن اسمبلی حلقہ جئے نگر سوماے ریڈی ،کارپوریٹر محمد رضوان نواب نے بھی شرکت کی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے جئے دیوا اسپتال کے ڈائرکٹر ڈاکٹر منجوناتھ نے کہا کہ اس وقت اسپتال میں 700بستروں کی سہولت ہے ۔ انفوسس کے تعاون سے نئی عمارت کی تعمیر 18مہینوں میں مکمل ہوجائے گی ۔ اس کے بعد مزید300بستروں کا اضافہ ہوگا ۔ اس طرح جئے دیوا اسپتال میں ایک ہزار بستر ہوجائیں گے۔